لندن، 26؍جون(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمس کل سے یہاں شروع ہو رہے ومبلڈن میں ساتواں خطاب حاصل کرنے اور 22گرینڈسلیم ٹرافیوں کے ریکارڈ کی برابری کرنے کی کوشش کریں گی۔تقریبا 12مہینے قبل ومبلڈن کے سینٹر کورٹ میں خطاب حاصل کرنے کے بعد وہ زیادہ جیت درج نہیں کر سکی ہیں ۔وہ اپنی مہم کا آغاز سوئس کوالیفائرامرا سادیکووچ کے خلاف کریں گی۔گاربنے موگوروجا پر ومبلڈن فائنل میں جیت سے پہلے سرینا نے سال کے تمام تینوں بڑے خطاب اپنے نام کرلیے تھے، جس سے وہ 1988میں ا سٹیفی گراف کے بعد کیلنڈر گرینڈسلیم یقینی بنانے والی پہلی خاتون بننے کے قریب پہنچ گئی تھیں، لیکن امریکی اوپن کے سیمی فائنل میں روبرٹا ونسی کے ہاتھوں شکست کھانے سے وہ اسے تاریخ بنانے سے چوک گئیں۔نیویارک میں اس شکست کے بعد ان کے اعتماد میں کافی کمی دکھائی دینے لگی ہے۔طویل عرصے تک وہ اپنے تیز طرار کھیل اور مسابقتی رجحان کی وجہ سے حریفوں کو خوفزدہ کرتی رہی تھیں لیکن اس سال انہوں نے پانچ میں سے صرف ایک ٹورنامنٹ میں جیت درج کی ہے۔وہ مئی میں روم میں جیتی تھیں، انہیں آسٹریلین اور فرنچ اوپن فائنل میں الٹ پھیر کا سامنا کرنا پڑاتھا ۔ایسا لگتا ہے کہ وہ امریکی اوپن میں شکست سے ابھی تک نہیں باہر نہیں نکل پائی ہیں۔جنوری میں ملبورن میں جرمنی کی اینجیلک کربر نے اسی کا فائدہ اٹھایا جبکہ اسپین کی موگوروجا نے ومبلڈن شکست کا بدلہ اس مہینہ کے شروع میں پیرس میں خطاب جیت کر چکایا۔
اس سال دو بار فائنل میں شکست کھانے کے باوجود سرینا کے پاس 21گرینڈسلیم خطاب ہیں، وہ گراف کے 22اوپن ریکارڈ سے ایک جبکہ مارگیٹ کورٹ کے 24کے ریکارڈ سے تین خطاب پیچھے ہیں۔ 34 سالہ سرینا عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک پوزیشن حاصل کرنے والی سب سے عمردراز کھلاڑی ہیں۔2015میں ان کا میچ ریکارڈ 53.3رہا تھا لیکن انہوں نے تسلیم کیا ہے کہ 2016ان کے لیے مایوس کن رہا ہے۔جب ان سے اس سال کا جائزہ لینے کے بارے میں پوچھا گیا ، تو انہوں نے کہاکہ یہ اتنا اچھا نہیں رہا جتنا میں چاہتی تھی، میں اس سے بہتر کر سکتی تھی، لیکن ایمانداری سے کہوں تو میں 2015کے بارے میں بھی ایسا ہی محسوس کر رہی تھی۔سرینا نے اپنے 6 ومبلڈن خطاب میں سے پہلا یہاں 2002میں جیتا تھا۔ماریا شاراپووا دو سال کی ڈوپنگ پابندی کی وجہ سے اس میں نہیں حصہ نہیں لے سکیں گی، جس سے سرینا کے خطاب کے لیے چیلنج دوسری درجہ بندی کی مگروجا، ومبلڈن کے فائنل میں پہنچنے والی ایگنسکا رادوانسکا اور کربر اور دو بار کی ومبلڈن فاتح پیٹرا کیو توا ہیں۔کربر پہلے راؤنڈ میں برطانوی وائلڈکارڈہولڈر لورا رابسن سے کھیلیں گی ۔انہوں نے کہاکہ سرینا یقینی طور پر مضبوط دعویدار ہیں لیکن یہ کہنا مشکل ہے کہ کون جیتے گا؟کچھ بھی ہو سکتا ہے۔میں جانتی ہوں کہ میں کسی کو بھی شکست دے سکتی ہوں۔مگروجا اٹلی کی کیملا گیورگی کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کریں گی۔اپنا پہلا گرینڈسلیم خطاب جیتنے کے بعد وہ بھی چیلنج دینے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ ومبلڈن کے فائنل میں پہنچنا بہت خاص ہو گا۔